31 جنوری 2011 - 20:30

مصری عوام نے آج منگل کو دسیوں لاکھ کی تعداد میں حکومت مخالف مظاہرے کا اعلان کررکھا ہے اس سلسلےميں لوگ صبح سے ہی دارالحکومت قاہرہ کے تحریر اسکوائر پر جمع ہورہے ہيں۔

ابنا: مصر میں مظاہرین اور ان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آج کے حکومت مخالف مظاہرے صدرحسنی مبارک کی حکومت کے خاتمے پرمنتج ہوں گے۔
مظاہرین نے آج کے دن کو یوم الرحیل یعنی مبارک حکومت کی رخصتی کے دن کا نام دیا ہے ۔ دوسری طرف قاہرہ اور دیگر شہروں میں ٹینکوں اور بکتر بندگاڑیوں کے ساتھ تعینات فوج نے کہا ہے کہ وہ مظاہرین پر گولی نہيں چلائے گی۔
مصری فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم مصری عوام کے حقوق کا احترام کرتے ہيں اور مظاہرین پر کسی بھی صورت ميں گولی نہيں چلائيں گے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ مصری فوج کا بیان صدرحسنی مبارک کی سیاسی زندگی پر ایک انتہائی کاری ضرب ثابت ہوسکتا ہے ۔ دوسری طرف اخوان المسلمین کے سابق قائد مہدی عاکف نے کہا ہے کہ مصری عوام اور فوج کے درمیان تصادم کا کوئی امکان نہیں ہے انہوں نے کہا کہ مصری فوج ایک قومی فوج ہے۔
انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ حسنی مبارک کے بارے میں امریکہ اور اسرائیل کے حکام کے بیانات اس بات کی غمازی کرتے ہيں کہ امریکہ اور اسرائیل علاقے میں اپنے اتحادیوں سے مایوس ہوچکے ہيں
دریں اثناء ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر محمد البرادعی نے کہا ہے کہ امریکی حکام بھی جانتے ہيں کہ حسنی مبارک کے دن گنے جاچکے ہيں۔
محمد البرادعی نے پورے وثوق کے ساتھ کہاکہ مبارک کو جانا ہی ہے انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ اگر مصری عوام چاہیں گے تو وہ نگراں حکومت کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے تیار ہیں تاکہ ایک مقررہ وقت میں عام انتخابات کراسکے۔
مصرميں عوام کی طرف سے آج انتہائی فیصلہ کن مظاہرے کے اعلان کے موقع پر حسنی مبارک نے اپنے نائـب عمر سلیمان کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ مظاہرین سے مذاکرات کریں عمرسلیمان نے کہا کہ صدرمبارک نے انہيں ذمہ داری سونپی ہے کہ پارلیمانی اور آئینی اصلاحات کے لئے وہ مخالف رہنماؤں سے مذاکرات کریں عمر سلیمان کا کہنا ہے کہ انہيں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں دوبارہ انتخابات کرائيں جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔
حسنی مبارک کی طرف سے اس طرح کے اعلان کو مظاہرین نے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ حسنی مبارک کے ان اقدامات کو کافی نہيں سمجھتے مبارک کو اقتدار سے ہٹنا ہوگا۔

........

/110